08 جولائی ، 2024
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں سے واٹس ایپ پر بات کرانے کی درخواست مسترد کر دی۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں سے ٹیلیفونک ملاقات کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی۔
درخواست پر جیل انتظامیہ کی جانب سے جواب داخل کرایا گیا جس میں کہا گیا کہ جیل مینوئل کے مطابق کسی ملزم کی واٹس ایپ پر رشتہ داروں سے ملاقات کا قانون موجود نہیں ہے۔
جیل انتظامیہ نے جواب میں کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی مہینے میں 2 مرتبہ بیٹوں سے بات کرائی جاتی ہے۔
عدالت نے جیل انتظامیہ کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کی روشنی میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کرانے کی استدعا مسترد کر دی۔
عمران خان نے بیٹوں سے واٹس ایپ پر بات کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس پر انسداد دہشتگردی کی عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب داخل کرنے کی ہدایت کی تھی۔