08 جولائی ، 2024
اسپین کے دوسرے بڑے شہر بارسلونا میں شہریوں نے سیاحوں کی بڑھتی تعداد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور مظاہرین نے ہوٹلوں میں بیٹھے کچھ سیاحوں پر پانی بھی پھینکا۔
واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مظاہرین پانی والی کھلونا بندوقوں سے سیاحوں پر پانی پھینک رہے ہیں اور سیاح ان سے بچنے کے لیے اٹھ کر جارہے ہیں۔
مظاہرین نے ’سیاح گھر جائیں’ کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور وہ بارسلونا میں سیاحوں کی تعداد میں کمی کا مطالبہ کررہے تھے۔
مظاہرین میں شامل ایک فرد نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں سیاحوں کے خلاف نہیں لیکن یہاں ہم سیاحوں کی کثرت کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، سیاحوں کی زیادہ تعداد نے اس شہر کو ناقابل رہائش بنا دیا ہے‘۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران بارسلونا میں رہائش کی قیمتوں میں 68 فیصد اضافہ ہوا ہے جو شہریوں کے لیے پریشانی کا سبب ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ سال ایک کروڑ 20 لاکھ سیاحوں نے بارسلون کا دورہ کیا تھا۔