08 جولائی ، 2024
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کے حوالے سے 30سے زائد سابق کرکٹرزکو لاہور مدعو کیا گیا۔
پی سی بی کے اس اجلاس میں ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کو مدعو نہیں کیا گیا۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے سابق رکن اور پاکستان کے لیے 1980 سے 1993 تک 34 ٹیسٹ اور 70 ون ڈے کھیلنے والے توصیف احمد نے جیو نیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں بات چیت کرتے ہوئے اس بارے میں شکوہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک آپریشنز خرم نیازی کے سبب انہیں چئیرمین سے ملاقات کے لیے نہیں بلایا گیا۔
توصیف احمد نے بتایا کہ خرم نیازی نے چند ماہ پہلے بطور سلیکشن کمیٹی رکن انہیں اسلام آباد سلیکشن پر شوکاز نوٹس بھیجا، جس کا انہوں نے تفصیل سے جواب جمع کروایا۔
توصیف احمد نے افسوس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ میرا جواب دینا ڈائریکٹر ڈومیسٹک کو نا مناسب لگا اور انہوں نے اس بات کو جواز بنا کر مجھے چیئرمین سے ملاقات کرنے والے سابق کرکٹرز کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا جس کا انہیں دکھ نہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا انہیں چیئرمین کے سامنے پاکستان کرکٹ سے متعلق تجاویز دینے کا موقع ملتا تو وہ ضرور اس اجلاس کا حصہ بنتے۔