10 جولائی ، 2024
سانپ ایک ایسا جانور ہے جس کے قریب جانے کا خیال ہی بیشتر افراد کو خوفزدہ کر دیتا ہے۔
مگر تصور کریں کہ آپ اپنے لباس کے اندر سانپ چھپا کر گھوم رہے ہیں تو پھر کیا ہوگا؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر چین میں ایک شخص کو لباس کے اندر 100 سے زیادہ زندہ سانپ اسمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔
اس بے نام شخص کو ہانگ کانگ سے چین کے شہر شینزین میں داخل ہوتے ہوئے کسٹمز کے عملے نے گرفتار کیا۔
کسٹمز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جب اس شخص کی تلاشی لی گئی تو عملے نے دریافت کیا کہ اس نے ٹراؤزر کی جیبوں سے کینوس کے 6 بیگز چپکائے ہوئے تھے۔
جب ان بیگز کو کھولا گیا تو ان میں ہر قسم، حجم اور رنگوں کے سانپ دریافت ہوئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ وہ شخص 104 سانپوں کو ہانگ کانگ سے چین لے جا رہا تھا جن میں سے بیشتر ایسے سانپ تھے جو چین میں نہیں پائے جاتے۔
چین میں ایسے جانوروں کو بلا اجازت لے کر آنا منع ہے جو وہاں نہیں پائے جاتے۔
حکام کے مطابق اس شخص نے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور اس کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
مگر انہوں نے واضح نہیں کیا کہ اس شخص کو کیا سزا دی جائے گی۔