11 جولائی ، 2024
پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے پاس فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کے نوجوان فٹبالرز ایک اور اہم ایونٹ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔
ساف فٹبال چیمپئن شپ اگست کے وسط میں کھٹمنڈو میں ہونا تھی جس میں شرکت کے لیے پاکستان فٹبال ٹیم فیفا فنڈنگ کی منتظر تھی، فیفا سے جواب نہ آیا تو پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن کو جواب دے دیا کہ وہ ایونٹ سے دستبردار ہو رہی ہے، جس کے بعد ساف انڈر 20 چیمپئن شپ کے نئے ڈراز جاری کردیے گئے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے جیو نیوز سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی کہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے وہ ایونٹ سے دستبردار ہوئے ہیں، عہدیدار کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف نے تین ایونٹس جس میں ساف انڈر 17، ساف انڈر 20 اور ساف ویمن چیمپئن شپ شامل ہے، میں شرکت کے لیے مئی میں فیفا کو فنڈز کے لیے خط لکھا تھا تاہم فیفا نے کوئی جواب ہی نہیں دیا۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ فنڈز جاری نہ ہوئےتو ساف انڈر 17 اور ویمن چیمپئن شپ میں بھی شرکت مشکل ہوجائےگی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ فی ایونٹ پاکستان فٹبال فیڈریشن کو 2 لاکھ ڈالرز کے لگ بھگ رقم درکار ہے۔
فٹبال حلقوں کا کہنا ہےکہ فیفا فنڈنگ پر انحصار کرنے کے بجائے پی ایف ایف اسپانسرز کو لا کر بھی یہ رقم پوری کرسکتا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ فیفا کوالیفائر کے حالیہ میچز کی میزبانی کرکے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو مختلف مد میں ایک کروڑ سے زائد کی آمدن ہوئی ہے۔