12 جولائی ، 2024
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے ہاں ننھے مہمان کی آمد جلد متوقع ہے ۔
بچے کی ولادت کے باعث فاسٹ بولر بنگلادیش کے خلاف ہونے والا ٹیسٹ میچ مس کرسکتے ہیں جس کی تصدیق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کی ہے۔
ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کے مطابق شاہین آفریدی کے ہاں چند ہفتے بعد بچے کی ولادت متوقع ہے اس لیے روایتی انداز میں اگر وہ بچے کی پیدائش تک اپنی اہلیہ کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں آرام دے سکتے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے مزید بتایا کہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی شان مسعود کریں گے جب کہ بابراعظم سے لاہور میں ملاقات ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم اگست کے تیسرے ہفتے میں پاکستان آئے گی۔
ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، دورے میں بنگلا دیش کی ٹیم 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 تا 25 اگست کے دوران راولپنڈی میں کھیلاجائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست تا 3ستمبر کے دوران کراچی میں کھیلاجائے گا۔