Geo News
Geo News

Time 12 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

فلم ’میں ہوں نا‘ کی جوڑی امرتا راؤ اور زید خان 20 سال بعد ایک ساتھ کیمرے پر

فلم ’میں ہوں نا‘ کی جوڑی امرتا راؤ اور زید خان 20 سال بعد  ایک ساتھ کیمرے پر
ویڈیو میں زید خان اور امرتا راؤ کو اسی طرح کے حلیے میں دیکھا جاسکتا ہے جیسے کہ دونوں اداکاروں نے اپنی 20 برس پرانی فلم میں اپنایا تھا—فوٹو: اسکرین گریب

بھارت کی سپر ہٹ فلم 'میں ہوں نا' میں مرکزی کردار نبھانے والی جوڑی اداکارہ امرتا راؤ اور اداکار زید خان کی حالیہ وائرل ویڈیو میں دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ دیکھ کر مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

2004 کی بلاک بسٹر فلم میں ہوں نا میں نظر آنے والے زید اور امرتا کی 20 سال بعد ایک ساتھ کام کرتے ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، مداحوں نے ویڈیو پر تبصرے کرنا شروع کردیے اور  پوچھ بیٹھے کہ کیا میں ہوں نا 2 بننے جارہی ہے؟

سوشل میڈیا پر شیئر اس ویڈیو میں زید اور امرتا کو اسی طرح کے حلیے میں دیکھا جاسکتا ہے جیسے کہ دونوں اداکاروں نے اپنی 20 برس پرانی فلم میں اپنایا تھا۔

ایک پاپارازی فوٹوگرافر اکاؤنٹ سے شیئر اس ویڈیو میں دونوں اداکاروں کو ایک ساتھ سیٹ پر دیکھا گیا ہے جب کہ وہ کسی پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کس پروجیکٹ کی شوٹنگ کر رہے ہیں اس حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ 

سوشل میڈیا صاافین نے ویڈیو پر کمنٹس کیے اور کہا کہ پرانی یادیں تازہ ہوگئیں۔

بتایا جارہا ہے کہ ممکن ہے یہ کسی اشتہار کا شوٹ ہو جس میں دونوں فنکار جلد نظر آئیں گے۔

یاد رہے کہ فلم میں ہوں نا میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا، جب کہ دیگر فنکاروں میں سشمیتا سین، کرن کھیر، نصیر الدین شاہ، بومن ایرانی اور سنیل شیٹی شامل تھے۔