Time 12 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

لوگ کہتے ہیں حرام کی کمائی کا لنگر بنا رہی ہوں، اس کا فیصلہ اللہ کو کرنا ہے: ریشم

لوگ کہتے ہیں حرام کی کمائی کا لنگر بنا رہی ہوں، اس کا فیصلہ اللہ کو کرنا ہے: ریشم
پہلے جو ایک دیگ اور روٹیوں کا انتظام 50 ہزار میں کرتی تھی اب اسی لنگر میں ڈیڑھ لاکھ تک کا خرچا آتا ہے: اداکارہ—فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کی سینئر اداکارہ ریشم نے شکوہ کیا ہے کہ لوگ ان کے اچھی نیت سے کیے جانے والے کاموں پر بھی تنقید کرتے ہیں۔

اداکارہ ریشم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ لنگر کی دیگ پکاتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ گزشتہ 20 برسوں سے اپنے ہاتھوں سے لنگر بنا کر بانٹ رہی ہوں اور یہ سلسلہ گزشتہ 6 برسوں سے مسلسل 12 مہینے چل رہا ہے۔

ریشم نے بتایا کہ پہلے جو ایک دیگ اور روٹیوں کا انتظام وہ 50 ہزار میں کرتی تھیں اب اسی لنگر میں ڈیڑھ لاکھ روپے تک کا خرچہ آتا ہے اور ان کے لنگر میں تین گنا زیادہ اضافہ بھی ہو گیا ہے۔

ریشم کا کہنا ہے کہ مجھے شوبز فلموں کا کام چھوڑے ہوئے 15 سال گزر گئے ہیں، میں اب کبھی ماڈلنگ اور کبھی کچھ شوز میں شرکت کر لیتی ہوں، اس سے جو آمدنی آتی ہے اسی سے لنگر کا سلسلہ جاری ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے اللّٰہ سے وعدہ کیا ہوا ہے کہ جب تک میں زندہ ہوں لنگر بانٹتی رہوں گی۔

ریشم نے کہا کہ لوگ میرے اس کام پر انگلیاں اٹھاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں یہ غلط کر رہی ہوں اس کے بجائے مجھے لوگوں کو  روزگار دینا چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں کون ہوتی ہوں لوگوں کو کھانا کھلانے والی، رب کی ذات کھلاتی ہے، میرے پاس دنیا بھر میں صرف ایک گھر ہے، اگر میں نے یہ بیچ کر لوگوں کو روزگار دے دیا تو میں خود کیا جھگی میں رہوں گی۔

ریشم نے انٹرویو کے دوران کہا کہ میں یہ کام صرف اللّٰہ کی رضا کے لیے کرتی ہوں، لوگوں کا کہنا ہے کہ میں حرام کمائی سے لنگر بناتی ہوں، اس کا فیصلہ اللّٰہ کو کرنا ہے۔

مزید خبریں :