Time 12 جولائی ، 2024
پاکستان

جے یو آئی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی طور پر تسلیم کرتی ہے، مولانا فضل الرحمان

جے یو آئی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی طور پر تسلیم کرتی ہے، مولانا فضل الرحمان
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فیصلے سے متاثر افراد کو انفرادی طور پر اپیل سے نہیں روک سکتے— فوٹو: فائل

ڈی آئی خان: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کے عدالتی فیصلے پر  جے یو آئی بطور جماعت اپیل دائر نہیں کرے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر حتمی رائے قانونی ماہرین ہی دے سکتے ہیں، جے یو آئی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی طور پر تسلیم کرتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فیصلے سے متاثر افراد کو انفرادی طور پر اپیل سے نہیں روک سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ خیر سگالی کا اظہار کرتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ دونوں جماعتوں کے باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے پیش رفت مفیدثابت ہوگی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے خیرسگالی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اسد قیصر نے کہا کہ امید ہےسپریم کورٹ کا فیصلہ دونوں جماعتوں کے باہمی تعلقات کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان روابط کو وسعت دی جائےگی، تحفظات دورکرکے اپوزیشن اتحاد کو مزید مضبوط کیا جائےگا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کا حکم دے دیا۔

13 رکنی فل کورٹ بینچ کے 5-8 کی اکثریت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت تھی اور ہے، پی ٹی آئی خواتین اور اقلیتی نشستوں کی حقدار ہے، انتخابی نشان نہ ملنے سے کسی سیاسی جماعت کا انتخابات میں حصہ لینے کا حق ختم نہیں ہوتا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی 15 دن میں مخصوص نشستوں کے لیے اپنی فہرست جمع کرائے، 80 میں سے 39 ایم این ایز پی ٹی آئی سے وابستگی ظاہر کر چکے ہیں، باقی اکتالیس ارکان پندرہ دن میں پارٹی وابستگی کا حلف نامہ دیں۔

مزید خبریں :