12 جولائی ، 2024
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں بھاری اضافے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے ڈومیسٹک سیزن کیلئے پلان فائنل کرلیا، سیزن کا شیڈول اگلے ہفتے جاری کردیا جائے گا جس کے بعد پلیئرز کے کنٹریکٹس کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اس سیزن میں کنٹریکٹ کی تعداد 150 کھلاڑیوں تک محدود کردی جائے گی۔
گزشتہ سال میں 360 پلیئرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کھلاڑیوں کو تین یا چار کیٹیگریز میں تقسیم کرے گا، ٹاپ کیٹیگری کے کھلاڑی کو پانچ لاکھ روپے سے زائد ماہانہ معاوضہ ملے گا۔
گزشتہ سیزن میں ٹاپ کیٹیگری کے پلیئرز کیلئے تین لاکھ روپے ماہانہ معاوضہ تھا۔
اس کے علاوہ کھلاڑیوں کی میچ فیس بھی بڑھے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ اور ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں بھی بہتری لا رہا ہے جس کے بعد خواتین کرکٹرز کا معاوضہ دگنا ہوجائے گا۔