13 جولائی ، 2024
لاہور : قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو دی ہنڈرڈ لیگ کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نسیم شاہ کا دی ہنڈرڈ میں برمنگھم فونکس کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا جس کے پیش نظر نسیم نے پی سی بی کو این او سی کیلئے درخواست دی تھی تاہم بورڈ نے فاسٹ بولر کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت این او سی جاری نہیں کیا۔
بتایا گیا ہے کہ نسیم شاہ گزشتہ سال فٹنس مسائل سے دو چار ہوئے اب چونکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اہم میچز ہیں اور وہ تینوں فارمیٹ کے کرکٹر ہیں اس لیے انجریز سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر این او سی کی درخواست مسترد کی گئی جس سے کرکٹر کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نسیم شاہ دی ہنڈرڈ لیگ میں ایک لاکھ 25 ہزار پاؤنڈز کی مہنگی ترین کیٹیگری میں شامل تھے اس حساب سے ان کا معاوضہ پاکستانی روپے میں لگ بھگ ساڑھے 4 کروڑ روپے بنتا ہے۔