13 جولائی ، 2024
اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے خان یونس میں سیف زون (محفوظ علاقہ) قرار دیےگئے المواسی پناہ گزین کیمپ پربمباری کرکے درجنوں فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق المواسی کیمپ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے 71 فلسطینی شہید اور 289 زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے المواسی کیمپ میں حماس ملٹری چیف محمد ضیف کو نشانہ بنانےکا دعویٰ کیا ہے تاہم حماس نے اسرائیل کی جانب سے حماس رہنما کو نشانہ بنائے جانے کی تردیدکی ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ المواسی کیمپ میں قابض صیہونی فوج نے فلسطینیوں کا قتل عام کیا ہے، اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کی نسل کشی مہم میں امریکا براہ راست حصہ دار ہے۔
مصر نے اسرائیلی بمباری کو جنگ بندی کی کوششوں میں رکاوٹ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے شاطئی کیمپ میں بھی نماز پڑھتے لوگوں پر بمباری کی جس میں 15 فلسطینی شہید ہوگئے۔