Time 14 جولائی ، 2024
کھیل

بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہ آیا تو پاکستان بھی 2026 ورلڈکپ کیلئے بھارت نہیں جائیگا: ذرائع

بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہ آیا تو پاکستان بھی 2026 ورلڈکپ کیلئے بھارت نہیں جائیگا: ذرائع
 آئی سی سی کے اجلاس میں پاکستان اپنا مؤقف زور دار طریقے سے پیش کرے گا، پلان بی رکھنا آئی سی سی کا کام ہے: ذرائع__فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے مؤقف سے نہیں ہٹے گا اور  پاکستان کرکٹ بورڈ ایک ہی مؤقف برقرار  رکھے گا۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے لیکن ان دنوں پلان بی اور ہائی برڈ وینیو کی خبریں سامنے آرہی ہیں کہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں اس حوالے سے گفتگو ہو گی۔

آئی سی سی کا سالانہ اجلاس 19 سے 22 جولائی تک سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں شیڈول ہے جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی شرکت بھی متوقع ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے مؤقف سے نہیں ہٹے گا  بلکہ 'پاکستان کا ایونٹ  پاکستان میں'  کے مؤقف کو برقرار رکھے گا۔ 

پی سی بی تین وینیوز پر تمام 8 ٹیموں کے میچز کے انتطامات کرنے میں مصروف ہے، چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے لیے بھاری اخراجات کیے جا رہے ہیں،  ہائبرڈ اور پلان بی کی باتیں ہونے سے پی سی بی اپنے انتظامات نہیں روکے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے اجلاس میں پاکستان اپنا مؤقف زور دار طریقے سے پیش کرے گا، پلان بی رکھنا آئی سی سی کا کام ہے، پاکستان کا کام اپنے مؤقف کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے سوا چیمپئنز ٹرافی کی تمام ٹیمیں پاکستان میں کھیل چکی ہیں، بھارت کا پاکستان نہ آنے کا مؤقف کمزور ہے، اگر ایسا ہوا تو پاکستان بھی 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گا  کیونکہ ماضی کے مقابلے میں پاکستان مستقبل میں سخت مؤقف اپنائے گا۔

مزید خبریں :