14 جولائی ، 2024
رواں ماہ مختلف شہروں میں بیک وقت شروع ہونیوالی قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان کی اہم پلیئرز کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، ایونٹ کو کلبز تک محدود کردیا گیا ہے جب کہ ڈیپارٹمنٹس نے اپنے پلیئرز کلبز کے لیے ریلیز کرنے سے انکار کردیا ہے ۔
21 جولائی سے شروع ہونے والے ایونٹ کے لیے پی ایف ایف نے ڈیپارٹمنٹس کو نہیں بلایا، قومی چیمپئن شپ میں صرف کلبز کو دعوت دی ہے تاہم پاکستان قومی ٹیم کی اکثر پلیئرز مختلف ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ وابستہ ہیں اور ڈیپارٹمنٹس نے کھلاڑیوں کو کلبز سےکھیلنےکی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے ۔
قوانین کے مطابق پلیئرز کو کلبز کی نمائندگی کے لیے ڈیپارٹمنٹس کی باضابطہ اجازت درکار ہوگی تاہم واپڈا، آرمی اور ایچ ای سی اپنے کلبز کو ریلیز کرنے کو تیار نہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈیپارٹمنٹس نے بغیر این او سی کھیلنے پر پلیئرز کو انضباطی کارروائی کی وارننگ دی ہے ۔
پاکستان ویمن ٹیم کی ملیکہ نور، نشاء اشرف، علیزہ صابر، رامن فرید آرمی کی پلیئرز ہیں ۔ انمول حرا ایچ ای س جبکہ عالیہ صابر، صنوبر اور فاطمہ انصاری واپڈا سے کھیلتی ہیں۔
مختلف کلبز نے ڈیپارٹمنٹ کی ان کھلاڑیوں کو اپنی فہرست میں شامل کیا ہے تاہم ڈیپارٹمنٹس نے باضابطہ اجازت نہ دی تو اہم پلیئرز کی چیمپئن شپ میں شرکت مشکل ہوجائےگی ۔