Time 14 جولائی ، 2024
پاکستان

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد 41 میں سے 25 حلف نامے آ چکے، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد 41 میں سے 25  حلف نامے آ چکے، سپریم کورٹ ہمارے اب تک اٹھائے گئے کارکنان کو بازیاب کروائے۔

اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ ہمارے ارکان پر دباؤ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، ہمارے ایک ایم این اے صاحبزادہ محبوب سلطان کو اٹھا لیا گیا ہے، ملک احمد کے بھائی اور بیٹے کو اٹھا لیا گیا، ہماری استدعا ہے کہ ارکان کو اٹھانے کے معاملہ کی سپریم کورٹ جلد ازجلد سماعت کرے۔

انہوں نے کہا کہ کل تک ہم 41 ارکان کے بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں گے، الیکشن کمیشن جلد از جلد ہمارے ارکان کی پارٹی وابستگی کی لسٹ ویب سائٹ پر جاری کرے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف نئے مقدمات درج کرنا بدنیتی ہے، ہمارا پہلے سے طے ہے کہ پی پی پی مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا کوئی ارادہ نہیں، مولانا فضل الرحمان جلد ہمارے ساتھ آن بورڈ آجائیں گے۔

ترجمان رؤف حسن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کو فراڈ الیکشن کا مجرم قرار دیا ہے، ہم چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آئین سے غداری کے مقدمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جلد چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بڑی عوامی مہم شروع کرنے جارہے ہیں، خدشہ ہے کہ الیکشن کمیشن اب بھی ہمارے ارکان کے بیان حلفی پر کوئی مسئلہ کھڑا کرے گا۔

مزید خبریں :