Time 16 جولائی ، 2024
پاکستان

تحریک انصاف پر کسی کا باپ بھی پاپندی نہیں لگا سکتا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر کسی کا باپ بھی پابندی نہیں لگاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ  یہ لوگ خود مینڈیٹ چوری کرکے بیٹھے ہوئے ہیں، اس سیاسی جماعت پر پاپندی لگانے کی بات کر رہے ہیں جس نے سب سے زیادہ ووٹ لیے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اب بھی زیادتی ہورہی ہے، ہمارا بنیادی حق نہیں دیا جارہا ہے، ہمارا نشان لیا گیا، ہم پر جعلی ایف آئی آر درج ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے ہمارے مؤقف کی جیت ہوئی، سپریم کورٹ کا شکریہ کہ آئین کے مطابق فیصلہ دیا، اب چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہونا چاہیے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ  ایڈہاک ججز کی تعیناتی کے حق میں نہیں، اسمبلی میں اس پر بات کریں گے، ایڈہاک ججز لینے کے بجائے میرٹ پر ججز کی تقرری ہونی چاہیے۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ  مذاکرات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی فیصلہ کریں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ایک بیان دے کر مقبولیت لینا چاہتی ہیں، سیاسی جماعتیں ایک مؤقف کے ساتھ کھل کر سامنے آئیں۔

پشاور میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سپریم کمانڈ پوسٹ کوہاٹی گیٹ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ محرم الحرام امن وامان سے گزر رہا ہے، تمام محکمے مل کر کام کر رہے ہیں، سکیورٹی فراہم کرنا کے پی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کو دہشت گردی کا سب سے بڑا چیلنج درپیش ہے، فوج اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے، ہماری فوج ، پولیس اور عوام کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں۔

مزید خبریں :