17 جولائی ، 2024
مظفر گڑھ سے منتخب ہونے والے رکنِ قومی اسمبلی جمشید دستی نے دعویٰ کیا ہے کہ کل رات ان کے گھر پر 20 سے 25 نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔
جمشید دستی نے کہا کہ نامعلوم افراد دیواریں پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور ان پر فائرنگ بھی کی مگر وہ محفوظ رہے۔
جمشید دستی کا کہنا تھا کہ ان کا جرم صرف یہی ہے کہ وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پولیس اور انتظامیہ نے جمشید دستی کے گھر پر کسی بھی کارروائی سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سکریٹری مہر جاوید حسن نے دعویٰ کیا ہے کہ رکنِ قومی اسمبلی معظم خان جتوئی کو بھی نامعلوم افراد ملتان میں ان کی قیام گاہ سے لے گئے ہیں، معظم جتوئی کی فیملی اس بارے میں کوئی بات کرنے کو تیار نہیں۔