19 جولائی ، 2024
لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا طریقہ کار طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت کی جس سلسلے میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اور وکیل درخواست گزار عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، حکومت بغیر کسی وجہ کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیتی ہے۔
دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ پیٹرول انٹرنیشنل مارکیٹ کے مطابق بڑھایا گیا ہے، اس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اوگرا اور حکومتی مؤقف سمجھ سے بالا تر ہوتا ہے، عوام کو پیٹرول بڑھنے سے متعلق ٹھوس وجوہات بھی پیش نہیں کی جاتیں۔
عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت ریکارڈ پر لائے کہ پیٹرول کی قیمت کس طرح مقرر کی جاتی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا طریقہ کار واضح کیا جائے۔
بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت کو ہدایت کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔