Time 19 جولائی ، 2024
پاکستان

القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا قریبی ساتھی گجرات سے گرفتار

القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا قریبی ساتھی گجرات سے گرفتار
انتہائی مطلوب دہشتگرد کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا: ترجمان سی ٹی ڈی۔ فوٹو فائل

لاہور: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو  گجرات سے گرفتار کر لیا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان اکرم گوندل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو گرفتار کیا ہے، دہشتگرد کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرآپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گرد امین الحق القاعدہ کا سرکردہ جنگجو ہے جس کا نام اقوام متحدہ کی عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

عثمان اکرم گوندل نے بتایا کہ امین الحق کی گرفتاری کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے، بین الاقوامی سطح پر امین الحق اسامہ بن لادن کے سکیورٹی سپروائزر کے طور پر جانا جاتا تھا، اس طرح کا کوئی دہشتگرد آتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا دہشتگرد 2007 میں گرفتار ہوا تھا اور اس نے 4 سال سزا کاٹی تھی، دشمن ملک کی ایجنسی نے اس پر بہت پروپیگنڈا کیا تھا، یہ دہشتگرد اگست 2021 سے افغانستان میں دکھائی دیا تھا اور حال ہی میں پاکستان داخل ہوا، اس سطح کا دہشتگرد پاکستان میں کیا کر رہا تھا تفتیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس دہشتگرد کے پاس پاکستان کا آئی ڈی کارڈ بھی ہے، اس دہشتگرد کے شناختی کارڈ پر لاہور اور ہری پور کے ایڈریس درج ہیں، یہ دہشتگرد پاکستان میں کیسے آیا اور کس آئی ڈی سے ٹریول کیا،اس بارے میں  تفتیش کر رہے ہیں۔

عثمان اکرم گوندل کا کہنا تھا گجرات سے گرفتار دہشتگرد پر جو کیس رجسٹرڈ کیا گیا ہے وہ سزا اس کو بھگتنی پڑے گی۔

یاد رہے کہ القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کو 2 مئی 2011 کو امریکی کمانڈوز نے ایبٹ آباد میں آپریشن کر کے ہلاک کیا تھا۔

مزید خبریں :