19 جولائی ، 2024
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سربراہ نور ولی محسود کی خفیہ کال سامنے آگئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کال میں نور ولی محسود پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے ہدایات دے رہا ہے۔
فون کال میں نور ولی محسود کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ امن و امان کی صورتحال بگاڑنے کے دو طریقے ہیں، پہلا طریقہ یہ ہے کہ سرکاری اسکول یا اسپتال کو دھماکے سے اڑایا جائے۔
کالعدم ٹی ٹی پی سربراہ نے کہا کہ ایک دو اسکول یا اسپتالوں کو دھماکے سے اڑا دو لیکن ذمہ داری نہ قبول کی جائے۔
نور ولی محسود کہتا ہے کہ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ پولیس اور فوجیوں کے گھروں کو تباہ کیا جائے۔
فون کال میں نور ولی محسود کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ کسی کو علم نہ ہو یہ سب کچھ میں نے کہا، اگر کسی نے پوچھا تو اپنے ذمے لے لینا کسی بھی طرح مجھے اس کارروائی کا حصہ نہ بنایا جائے۔
خفیہ کال میں احمد حسین عرف غٹ حاجی ثاقب گنڈاپور کو ہدایت دیتا سنائی دے رہا ہے کہ یہ بات چیت ہمارے درمیان رہے گی، کسی کو اس کا علم نہیں ہونا چاہیے۔
احمد حسین کہتا ہے کہ پولیس، فوج، ایف سی کے ایسے لوگوں کے گھروں کو دھماکے سے اڑانا ہے جو بڑے عہدے پر ہوں، غیر اعلانیہ طور پر اسکولوں کو یا تو بند کر دو یا پھر دھماکے سے اڑا دو۔