20 جولائی ، 2024
لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا، سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آؤ ہم تمہیں انصاف دیں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کر سکتا، بجلی کابل غریب لوگوں کیلئے ہی نہیں، ہر ایک کے لیے مصیبت بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کی اور بجلی کا نرخ بھی کنٹرول میں رکھا، 2017 تک بجلی کے بل کم اور ڈالر کا نرخ نیچے تھا، 2018 سے نظر لگی اور غریب پس کر رہ گیا۔
سابق وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آؤ ہم تمہیں انصاف دیں گے، پوچھتا ہوں اس ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی ضرورت کیا ہے، ہم نے آئی ایم ایف کو واپس بھیج دیا تھا بعد میں کون لایا تھا؟ سب کو پتا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا، ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا، فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہو گا، عوام کی پرواہ کریں، ریلیف کے لیے جو بھی کرنا پڑتا ہے کریں۔