20 جولائی ، 2024
اسلام آباد: سپریم کورٹ میں زیرالتواء مقدمات کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ زیر التواء مقدمات 59 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
سپریم کورٹ کی رپورٹ کے مطابق 15 جولائی تک سپریم کورٹ میں زیرالتواء مقدمات کی تعداد 59 ہزار 64 تھی، یکم سے 15 جولائی تک 1206مقدمات دائر ہوئے، 481 کیس نمٹائےگئے۔
رپورٹ کے مطابق 15 روز کے دوران انسانی حقوق کےکسی کیس کا فیصلہ نہیں ہوسکا، ہائی کورٹس کے فیصلوں کے خلاف 32 ہزار سے زائد اپیلیں قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کی منتظر ہیں، زیرالتواء فوجداری اپیلوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
سپریم کورٹ کی رپورٹ کے مطابق جیلوں میں موجود افراد کی اپیلوں کی تعداد 3 ہزار 295 تک پہنچ گئی ہے۔