21 جولائی ، 2024
آزاد کشمیر کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ اب وادی میں پیدائشی طور پر دل کے سوراخ کے مرض میں مبتلا بچوں کا بغیر جسم کو چیرے علاج کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
پیدائشی طور پر بچوں کے دل میں ہونے والے سوراخ کو بند کرنے کے لیے آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مظفرآباد میں ڈیوائس کلوزر کے ذریعے دل کے سوراخ کو بند کیا جا رہا ہے۔
کسی بچے میں پیدائشی طور پر دل میں نقص صرف والدین ہی نہیں پورے خاندان کے لئے مستقل دکھ کا باعث ہوتا ہے لیکن آزاد کشمیر میں پہلی مرتبہ ایک نجی اسپتال میں ایسے ہی 6 بچوں کے جسم چیرے بغیر کامیاب آپریشن نے امید کی ایک نئی کرن روشن کردی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس اسپتال میں کسی مریض کو بھی واپس نہیں لوٹایا جاتا، صاحب استطاعت افراد کے عطیات مایوس مریضوں کے علاج و معالجے کے اخراجات پورے کرنے کا بندوبست کر دیتے ہیں۔