Time 21 جولائی ، 2024
پاکستان

جرمنی میں افغان شہریوں کا پاکستانی قونصل خانے پر حملہ، پرچم کی بےحرمتی بھی کی

جرمنی میں افغان شہریوں کا پاکستانی قونصل خانے پر حملہ، پرچم کی بےحرمتی بھی کی
جرمن حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتی حکام کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا

جرمن شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا گیا اور پاکستانی پرچم اتارنے کا افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا۔

پاکستانی سفارتی حکام نے فرینکفرٹ میں پیش آئے افسوسناک واقعے پر جرمن وزارت خارجہ سے احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان شہریوں نے فرینکفرٹ میں احتجاج کے دوران پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بولا، پتھراؤ کیا اور پاکستانی پرچم بھی اتارا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، رپورٹس کے مطابق افغان باشندوں نے پاکستانی پرچم جلانے کی کوشش بھی کی۔

جرمنی مں پاکستانی سفارتخانےکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر شرپسندوں نے توڑپھوڑ کی جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، جرمن حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہونےکو یقینی بنایا جا سکے، پاکستانی کمیونٹی سے صبر اور پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔

پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سفارتی تنصیبات کی سکیورٹی کی ذمہ داری جرمن حکومت کی ہے، اس معاملے پر بین الاقوامی برادری میں بھی سفارتی تنصیبات کی سکیورٹی کے معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے۔

فرینکفرٹ میں جرمن حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتی حکام کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

پاکستانی سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ جرمن پولیس نے ابتدائی تحقیقات کرکے پاکستانی حکام کو آگاہ کردیا ہے، احتجاجی عناصر فرینکفرٹ کے بعد آج برلن میں بھی احتجاج کر رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن حکام نے سوشل میڈیا پر اس معاملے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :