Time 21 جولائی ، 2024
پاکستان

یہ وہ نواز شریف نہیں جنہیں میں جانتا تھا، لگتا ہے انہیں بے بس کر دیا گیا ہے: آصف کرمانی

یہ وہ نواز شریف نہیں جنہیں میں جانتا تھا، لگتا ہے انہیں بے بس کر دیا گیا ہے: آصف کرمانی
 مسلم لیگ ن میں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے بندے آگئے ہیں، یہ ن لیگ کے چہرے نہیں: سابق پولیٹکل سیکرٹری نواز شریف۔ فوٹو فائل

گزشتہ روز مسلم لیگ چھوڑنے کا اعلان کرنے والے آصف کرمانی کا کہنا ہے نواز شریف کی کل بھی عزت کرتا تھا اور آج بھی کرتا ہوں لیکن یہ وہ نواز شریف نہیں جنہیں میں جانتا تھا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آصف کرمانی کا کہنا تھا مسلم لیگ ن میں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے بندے آگئے ہیں، یہ ن لیگ کے چہرے نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا اپنا گھر چھوڑتے ہوئے تکلیف تو ہوئی کہ انہوں نے اپنے ایک وفادار ساتھی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، مسلم لیگ ن میں غیرسنجیدہ اور نالائق لوگ آ چکے ہیں۔

آصف کرمانی کا کہنا تھا اس طرح لگتا ہے کہ نواز شریف کو بے بس کر دیا گیا ہے، نواز شریف کا پہلے بھی احترام کرتا تھا آج بھی کرتا ہوں لیکن یہ وہ نواز شریف نہیں جنہیں میں جانتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی پارٹی کو جوائن نہیں کر رہا، پیدائشی مسلم لیگی ہوں اور مسلم لیگی گھرانے کا ممبر بن کر مرنا چاہتا ہوں، 18، 20 سال مسلم لیگ ن کو دیے، نواز شریف کا بہت قریبی ساتھی رہا۔

آصف کرمانی کا کہنا تھا میاں صاحب سب اچھا نہیں ہے، پبلک میں آ کر دیکھیں، آپ کو حقیقت کا اندازہ ہو گا۔

مزید خبریں :