Geo News
Geo News

Time 22 جولائی ، 2024
دنیا

بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں رواں سال ایک ہزار سے زائد کسانوں کی خودکشی

بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں رواں سال ایک ہزار سے زائد کسانوں کی خودکشی
فوٹو: فائل

بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں رواں سال کے ابتدائی 6 ماہ میں ایک ہزار سے زائد کسان خود کشی کرچکے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جنوری 2024 سے جون 2024 تک مہاراشٹرا میں 1267 کسانوں نے خودکشی کی۔

بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو (این سی آر بی) کے مطابق 2022 میں بھی ملک بھر میں کسانوں کی خودکشی کے کل واقعات میں سے 37.6 فیصد واقعات مہاراشٹرا میں رپورٹ ہوئے۔

این سی آر بی نے کہا کہ 2022 میں  زرعی شعبے سے منسلک 11 ہزار  290 افراد نے خودکشی کی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں 50 فیصد سے زیادہ آبادی کا ذریعہ معاش زراعت ہے، ملک کے وسیع و عریض علاقوں میں کسانوں کی بڑھتی ہوئی خودکشیوں کے علاوہ لاکھوں چھوٹے کسان اپنی فصلوں کی گرتی قیمت اور بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے پریشان ہیں۔

دیہی علاقوں میں بڑھتا ہوا عدم اطمینان بھی حکومت کے لیے ایک چیلنج ہے اور یہ خودکشیاں بھارتی کسانوں کو درپیش صورتحال کی عکاسی کرتی ہیں۔