Time 23 جولائی ، 2024
کھیل

پاکستانی اسپرنٹر فائقہ ریاض اولمپکس میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم


پیرس اولمپکس میں شرکت کے لیے پاکستان کے ایتھلیٹس  ارشد ندیم اور اسپرنٹر فائقہ ریاض کل علی الصبح فرانس کے لیے روانہ ہوں گے۔ 

اولمپئین جیولین تھرور ارشد ندیم نے براہ راست اولمپکس میں کوالیفائی کیا ہے جبکہ فائقہ ریاض وائلڈ کارڈ پر ایتھلیٹکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

فائقہ ریاض کہتی ہیں کہ سخت حبس میں بھرپور محنت کی ہے، اولمپکس میں اپنے انفرادی ریکارڈ سے بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کروں گی۔

فائقہ ریاض نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ میں اپنے ایونٹ سے چار پانچ روز پہلے پہنچ رہی ہوں، اس سے مجھے وہاں کے موسم سے کچھ ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا۔ 

فائقہ ریاض نے کہا کہ یہاں لاہور میں سخت حبس کے موسم میں ٹریننگ کی ہے، بہت مشکل کا سامنا بھی کرناپڑ ا لیکن اولمپکس جیسے میگا ایونٹ میں شرکت کا جنون بھی ہے اور جذبہ بھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی میں نے اپنے لیے کوئی ہدف متعین نہیں کیا، جب وہاں میں مقابلے کے زون میں جاؤں گی تو دیکھوں گی کہ وہاں کی کنڈیشنز میں کیا کر سکتی ہوں پھر میں ہدف متعین کروں گی۔ 

فائقہ ریاض نے کہا کہ میرا پرسنل بیسٹ اس وقت 11.70 ہے میں اپنے انفرادی ریکارڈ کو زیادہ سے زیادہ بہتر کرنے کی کوشش کروں گی ۔

مزید خبریں :