24 جولائی ، 2024
امریکا کی نائب صدر کاملا ہیرس نے کہا ہے کہ ان کیلئے یہ قابل فخر ہے کہ انہوں نے ڈیموکریٹ پارٹی کا صدارتی امیدوار نامزد ہونے کیلئے مطلوب حمایت حاصل کرلی ہے۔
اپنے بیان میں کملا ہیرس نے کہا کہ جب انہوں نے صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا تو اسی وقت کہہ دیا تھا کہ وہ نامزدگی جیتیں گی۔
کملا ہیرس نے کہا کہ انہیں اس بات پر اور بھی فخر ہے کہ ان کی اپنی ریاست کیلی فورنیا کے ڈیلی گیشن نے ان کی انتخابی مہم کوعروج پر پہنچایا، اب وہ باضابطہ طور پر ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کی نامزدگی قبول کرنے کی منتظر ہیں۔
کملا ہیرس نے کہا کہ وہ صدر بائیڈن اور ہر اس شخص کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا اور وہ منتظر ہیں کہ اپنا مقدمہ عوام تک لے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن دو ویژنز کے درمیان واضح چوائس ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کو اس جگہ پر واپس لے جائیں گے جب ہم میں سے کئی کے پاس برابر حقوق نہیں تھے اور مکمل آزادی بھی نہیں تھی۔
کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ اگلے چند مہینوں میں وہ ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ان امور پر بات کریں گی جن کے بارے میں خدشات ہیں۔
کاملا ہیریس نے کہا کہ وہ ڈیموکریٹ پارٹی اور قوم کو متحد کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کو نومبر میں ہرانے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔