Time 24 جولائی ، 2024
پاکستان

نواز اور زرداری تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرنے جا رہے، کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے: فواد

نواز اور زرداری تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرنے جا رہے، کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے: فواد
جسے ڈیجیٹل دہشتگردی کہہ رہے ہیں یہ پی ٹی آئی کی طرف سے نہیں ہو رہی ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی بیرون ملک سے ہو رہی ہے: سابق وفاقی وزیر۔ فوٹو فائل

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق نواز شریف اور آصف زرداری تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرنے جا رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا انسداد دہشتگردی عدالت کے معزز جج پر عدم اعتماد ہے، دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا آپ نے بانی پی ٹی آئی کو 14 ماہ سے جیل میں رکھا ہوا ہے، کیا فرق پڑا، بلےکا نشان چھینا، کیسے کیسے نشانات دیے، پھر بھی لوگوں نے ووٹ دیے۔

ان کا کہنا تھا جسے ڈیجیٹل دہشتگردی کہہ رہے ہیں یہ پی ٹی آئی کی طرف سے نہیں ہو رہی ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی پی ٹی آئی نہیں کر رہی بیرون ملک سے ہو رہی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کابینہ کی میٹنگ میں تحریک انصاف پر پابندی کا کام آج کیا جا رہا ہے، نواز شریف اور زرداری تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرنے جا رہے ہیں، آپ اس غلطی کے بعد کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نہ سپریم کورٹ کو مان رہے ہیں نہ ہی کسی قانون کو، رؤف حسن اور احمد کو فوری رہا کیا جائے، عدالت کے ساتھ لڑائی، عوام کے ساتھ لڑائی اور معیشت تباہ ہے، ابھی شروعات ہیں لیکن آنے والے دنوں میں لوگ چیخیں گے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت دیگر جماعتوں کی کسی صورت حوصلہ افزائی نہیں ہونی چاہیے۔ 

مزید خبریں :