25 جولائی ، 2024
پیرس اولمپکس 2024 میں مقابلوں کا آغاز ہوگیا، ایونٹ کی افتتاحی تقریب 26 جولائی کو ہوگی۔
پیرس اولمپکس 2024 کے فٹبال مقابلوں میں ارجنٹینا اور مراکش کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابر ہوگیا جبکہ اسپین نے اُزبکستان کو 1-2 سے مات دے دی۔
ایونٹ کے رگبی سیونز مقابلوں میں آسٹریلیا، ارجنٹینا، فجی، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی۔
26 جولائی کو اولمپکس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب اسٹیڈیم سے باہر منعقد کی جائےگی۔
اولمپکس کھیلوں کے افتتاحی تقریب پیرس کے مرکز ی علاقے میں دریائے سین پر ہوگی جس میں مختلف ملکوں کے وفود کشتیوں پر سوار ہوکر دریائے سین میں پریڈ کریں گے۔
افتتاحی تقریب دریائے سین سے ایفل ٹاور کے باغات اور محلات تک 6 کلومیٹر پر محیط ہوگی، جس میں 100 کشتیاں، تقریبا 10 ہزار ایتھلیٹس کو لیے پیرس کے مشہور مقامات کے قریب سے گزریں گی۔
افتتاحی تقریب میں 3 ہزار سے زائد فنکار اپنے فن کا جادو جگائیں گے جبکہ تقریب میں پیرس اور فرانس کی تاریخ اور ثقافت کی نمائش ہو گی۔
دوسری جانب پیرس اولمپکس میں دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ شائقین کو مرد اور خواتین کے درمیان100 میٹر ریس کے نتائج کا انتظار رہے گا کہ دوڑ کے مقابلوں میں کون فاتح بنتا ہے۔
شائقین جاننا چاہتے ہیں کہ اسٹار ایتھلیٹ یوسین بولٹ کی ریٹائرمنٹ کے بعد کیا اٹلی کے لیمونٹ جیکب دوسری بار یہ ٹائٹل اپنے نام کرپائیں گے اور کیا جمیکا کی شیلے این فریزر ایک بار پھر سے سو میٹر کی اولمپک چیمپئن بن پائیں گی۔