Time 26 جولائی ، 2024
کھیل

بنگلادیش کیخلاف سیریز کیلئے کئی اہم کھلاڑیوں کا ٹیم میں جگہ بنانا مشکل

بنگلادیش کیخلاف سیریز کیلئے کئی اہم کھلاڑیوں کا ٹیم میں جگہ بنانا مشکل
ڈارون میں موجود ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی پاکستان واپسی پر ٹیسٹ اسکواڈ کو فائنل کیا جائے گا: ذرائع۔ فوٹو فائل

لاہور: بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ پر حتمی مشاورت آئندہ ہفتے ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی پاکستان واپسی پر ٹیسٹ اسکواڈ کو فائنل کیا جائے گا، جیسن گلیسپی پاکستان شاہینز کے ساتھ ان دنوں ڈارون میں موجود ہیں۔

جیسن گلیسپی بنگلا دیش اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے بعد پاکستان آ جائیں گے، ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے ٹریننگ کیمپ اگست کے دوسرے ہفتے میں لگایا جائے گا جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہو گا۔

پاکستان نے آخری ٹیسٹ جنوری میں آسٹریلیا میں کھیلا تھا، اس ٹیسٹ اسکواڈ میں متعدد تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی کھلاڑی فارم اور فٹنس کی بنیاد پر ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے جبکہ محمد ہریرہ اور صاحبزادہ فرحان کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق فہیم اشرف، وسیم جونئیر، صائم ایوب اور نعمان علی کا قومی اسکواڈ میں جگہ بنانا مشکل ہے جبکہ امام الحق کے نام پر بحث ہو گی اور عامر جمال اور حسن علی کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد ان کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق فیصلہ ہو گا۔

مزید خبریں :