Time 26 جولائی ، 2024
دنیا

پیرس اولمپکس کے آغاز سے قبل شرپسند عناصر کی توڑ پھوڑ، فرانس میں ٹرین نیٹ ورک بری طرح متاثر

پیرس اولمپکس کے آغاز سے قبل شرپسند عناصر کی توڑ پھوڑ، فرانس میں ٹرین نیٹ ورک بری طرح متاثر
پیرس کا ایک ریلوے اسٹیشن / رائٹرز فوٹو

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اولمپکس گیمز کے آغاز سے چند گھنٹے قبل شرپسند افراد نے ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک کو ہدف بنایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل منظم انداز سے ٹرین نیٹ ورک پرحملے کرکے توڑ پھوڑ اور لائنوں سمیت دیگر تنصیبات کو آگ لگائی گئی ، جس سے فرانس کی مصروف ترین ریلوے لائنز بری طرح متاثر ہوئیں۔

فرانس کے سرکاری ریلوے آپریٹر ایس این سی ایف کے مطابق شرپسند عناصر نے پیرس کو ملک کے مغربی، شمال اور مشرق سے جوڑنے والی ریلوے لائنوں کو ہدف بنایا، جس کے باعث اس ویک اینڈ پر ریلوے ٹریفک بری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔

ایس این سی ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریلوے نیٹ ورک کو مفلوج کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر حملہ کیا گیا، جس کے باعث متعدد ٹرینوں کو منسوخ کرنا پڑسکتا ہے جبکہ یہ صورتحال لائنوں کی مرمت ہونے تک کم از کم اس ویک اینڈ تک برقرار رہ سکتی ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ رات گئے ریلوے لائنوں پر متعدد حملے کیے گئے جس سے اٹلانٹک، ناردرن اور ایسٹرن لائنز متاثر ہوئیں، اہم تاروں کو کاٹا گیا یا جلا دیا گیا۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ان حملوں میں ہمارے مراکز کو نقصان پہنچایا گیا۔

ایس این سی ایف کے سربراہ Jean-Pierre Farandou نے کہا کہ شرپسند عناصر کی کارروائیوں سے 8 لاکھ افراد کے سفری منصوبے متاثر ہو سکتے ہیں۔

پیرس اولمپکس کے آغاز سے قبل شرپسند عناصر کی توڑ پھوڑ، فرانس میں ٹرین نیٹ ورک بری طرح متاثر
ریلوے لائنز پر حملے کے بعد ایک اسٹیشن پر لوگوں کا ہجوم / اے ایف پی فوٹو

ریلوے لائنوں پر حملے بظاہر کافی منصوبہ بندی سے کیے گئے اور ریل نیٹ ورک کے اہم پوائنٹس کو ہدف بنایا گیا۔

فرانسیسی وزیر ٹرانسپورٹ Patrice Vergriete  نے کہا کہ ریل نیٹ ورک میں بڑی رکاوٹ آتشزدگی کے حملوں سے ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام عناصر نشاندہی کرتے ہیں کہ حملے جان بوجھ کر کئے گئے، جبکہ آگ لگانے کا سامان بھی ملا ہے، اس معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔

فرانس کی وزیر کھیل Amélie Oudéa-Castéra نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اولمپکس کو ہدف بنانا درحقیقت فرانس کو ہدف بنانا ہے۔

مقامی حکام کے مطابق یہ حملے اتفاقیہ نہیں بلکہ فرانس کو اس وقت عدم استحکام کا شکار بنانے کی سازش ہے جب اولمپکس کا آغاز ہو رہا ہے۔

اب تک ان حملوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔

ریلوے لائنوں میں توڑ پھوڑ کی کارروائیوں سے لندن اور پیرس کے درمیان ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی ہے اور ریلوے کمپنی یورو اسٹار نے مسافروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب جرمن ٹرین سروس نے طویل فاصلےکےریل نیٹ ورک میں رکاوٹوں کے بارے میں انتباہ جاری کیا۔

جرمنی میں مسافروں کو فرانس کا سفر کرنے سے پہلے صورتحال دیکھنے کی ہدایت کی گئی۔

فرانس اور جرمنی کے درمیان ٹرینیں مختصر مدت کیلئے منسوخ اور تاخیرکا شکار ہوسکتی ہیں۔

البتہ سوئٹزر لینڈ سے سے فرانس جانے والی ٹرینیں متاثر نہیں ہوئیں۔

مزید خبریں :