26 جولائی ، 2024
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کے گلے میں اکثر سونے کی چین لٹکتی نظر آتی ہے۔
اب پہلی بار انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اس چین کو کیوں پہنتے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران مارک زکربرگ نے انکشاف کیا کہ وہ نمائش کے لیے سونے کی چین نہیں پہنتے، درحقیقت یہ ان کے اور ان کے خاندان کے لیے بہت خاص ہے۔
اس چین میں ایک دعا تحریر ہے جو وہ ہر رات اپنی بیٹیوں کو سلانے سے قبل گا کر سناتے ہیں۔
انٹرویو کے دوران ان سے پوچھا گیا تھا کہ وہ سونے کی چین کیوں پہنتے ہیں تو اس پر مارک زکربرگ نے کہا کہ 'اس چین کے لیے میں نے ایک ڈیزائنر کے ساتھ مل کر کام کیا تاکہ وہ دعا اس پر تحریر ہو سکے جو میں اپنی بیٹیوں کو ہر رات گا کر سناتا ہوں'۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ ایک یہودی دعا ہے جو بنیادی طور پر اچھی صحت اور ہمت کے لیے کی جاتی ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میں بیٹیوں کی پیدائش کے بعد سے انہیں ہر رات یہ دعا گا کر سنا رہا ہوں، یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے بہت اہم معمول ہے'۔
خیال رہے کہ مارک زکربرگ اور پریسیلا چن 2012 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور ان کے ہاں پہلی بیٹی میکسیما کی پیدائش دسمبر 2015 میں ہوئی تھی۔
اگست 2017 میں دوسری جبکہ مارچ 2023 میں تیسری بیٹی کی پیدائش ہوئی۔