27 جولائی ، 2024
مقبوضہ گولان میں اسرائیلی تنصیبات پر راکٹ حملے میں 10 اسرائیلی ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق مقبوضہ گولان کے گاؤں مجدل شمس پر 40 میزائل فائر کیے گئے تاہم اسرائیلی ڈیفنس سسٹم میزائل روکنے میں ناکام رہا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ میزائل گرنے کے وقت یہودی آبادکار میونسپلٹی عمارت کے باہر جمع تھے جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے جن میں بچے بھی شامل ہیں جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی میڈیا نے بتایاکہ زخمیوں میں سے 17 کی حالت تشویشناک ہے جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے گولان حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہماری انٹیلی جنس کے مطابق مجدل شمس پر راکٹ حملے حزب اللہ نے کیے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق گولان میں اسرائیلی شہریوں پرحملہ 7 اکتوبرکے بعد سب سے ہلاکت خیز حملہ ہے، حزب اللہ کو راکٹ حملوں کا جواب دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے حزب اللہ کو سخت ردعمل کی دھمکی دی۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حزب اللہ نے تمام ریڈ لائنز عبور کرلی ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمیں ایک مکمل جنگ کا سامنا ہے، ہمیں اس کی قیمت چکانی پڑے گی لیکن اسرائیل حزب اللہ سے اس سے بھی زیادہ قیمت وصول کرے گا۔