Time 28 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

مرغیوں کی ایسی حیران کن خصوصیت کا انکشاف جو ابھی تک انسانوں تک محدود سمجھی جاتی تھی

مرغیوں کی ایسی حیران کن خصوصیت کا انکشاف جو ابھی تک انسانوں تک محدود سمجھی جاتی تھی
ایک تحقیق میں یہ انکشاف کیا گیا / فوٹو بشکریہ INRAE Arnould Bertin

ایسا مانا جاتا ہے کہ انسان واحد جاندار ہے جس کا چہرہ شرم یا غصے سے سرخ ہو جاتا ہے۔

مگر اب انکشاف ہوا ہے کہ مرغیوں میں بھی انسانوں جیسی یہ صلاحیت موجود ہے۔

جی ہاں واقعی سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ مرغیوں میں بھی یہ خصوصیت پائی جاتی ہے اور وہ اسے چہرے کے مختلف تاثرات کے اظہار کے لیے استعمال کرتی ہیں۔

فرانس سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے دریافت کیا کہ مرغیوں کا چہرہ خوف یا جوش کے باعث سرخ ہو جاتا ہے اور اس سے ان پرندوں کے جذبات کو سمجھنے کا نیا ذریعہ مل گیا ہے۔

چہرے کے تاثرات انسانوں کے لیے ایک دوسرے تک جذبات پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ہیں اور دیگر ممالیہ جاندار جیسے کتے، چوہے اور بلیاں بھی انہیں کسی حد تک استعمال کرتے ہیں۔

فرنچ نیشنل ریسرچ انسٹیٹیوٹ فار ایگریکلچرل کی تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ مرغیوں میں بھی یہ صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ممالیہ جانداروں کے مقابلے میں پرندوں کی جذباتی دنیا کے بارے میں زیادہ جانچ پڑتال نہیں کی گئی اور اسی وجہ سے ہم نے ان میں چہرے کے تاثرات سے جذبات کے اظہار کے بارے میں جاننے کا فیصلہ کیا۔

تحقیق میں مرغیوں کے 2 گروپس بناکر مختلف تجربات کیے گئے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جب مرغیاں خوفزدہ یا پرجوش ہوتی ہیں تو ان کے چہرے سرخ ہو جاتے ہیں۔

اسی طرح ان کے چہرے کے پر آرام کے وقت اوپر کی جانب اٹھ جاتے ہیں۔

یہ پہلی بار ہے جب مرغیوں کے مزاج اور چہرے کی سرخی کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا اور محققین کے مطابق اس سے لوگوں کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ کب ان کی مرغیاں خوش ہوتی ہیں، خوفزدہ ہیں یا پرسکون ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Plos One میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :