28 جولائی ، 2024
مستونگ میں گوادر میں آج ہونے والے جلسے میں شرکت سے روکے جانے پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنوں کا قومی شاہراہ پر دھرنا جاری ہے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے آج گوادر میں جلسے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جلسے میں شرکت سے روکے جانے پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کا گزشتہ روز سے مستونگ قومی شاہراہ پر دھرنا جاری ہے۔
دھرنے کے باعث گوادر، تربت، پنجگور سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں کو جانے والا ٹریفک اورپاک ایران سرحدی تجارت بھی متاثر ہے۔
دوسری جانب پولیس اور انتظامیہ نے مکران کوسٹل ہائی وےایم 8 کو مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا۔ اُدھر بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر خاران، حب، واشک اور خضدار میں ہڑتال کی گئی جس کے باعث بیشترکاروباری مراکز، پیٹرول پمپس اوردکانیں بند رہیں۔
گوادر میں انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک بھی مکمل بند ہے۔