Time 29 جولائی ، 2024
دنیا

ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے نو منتخب صدر پزشکیان کی توثیق کردی

ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے نو منتخب صدر پزشکیان کی توثیق کردی
فوٹو: رائٹرز

ایران میں نومنتخب صدر کی باقاعدہ توثیق کی تقریب میں سپریم لیڈرخامنہ ای نے مسعود پزشکیان کی بطور ایرانی صدر باقاعدہ توثیق کردی۔

ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے پغام میں کہا کہ میں ذہین، ایماندار اور مقبول لیڈر مسعود پزشکیان کو ملنے والے ووٹ کی توثیق کرتے ہوئے انہیں اسلامی جمہوریہ ایران کا صدر مقرر کرتا ہوں۔

تقریب سے خطاب میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صیہونی حکومت اسرائیل کوئی ریاست نہیں ہے، صیہونی حکومت مجرموں کا گینگ، قاتلوں اور دہشتگردوں کا گروہ ہے۔

تقریب کے بعد قائم مقام ایرانی صدر محمد مخبر نے صدارتی ذمہ داریاں 69 سالہ پزشکیان کے حوالے کردیں جبکہ نئے صدر نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد 72 سالہ عارف رضا کو اپنا نائب صدر مقرر کردیا۔

پیشے کے لحاظ سے ہارٹ سرجن نومنتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان 2008 سے ایرانی شہر تبریز سے منتخب ہوتے آ رہے ہیں، وہ صدر خاتمی کے دور میں وزیر صحت بھی رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ مسعود پزشکیان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد ہونے والے عام انتخابات کے دوسرے مرحے میں 5 جولائی کو الٹرا کنزرویٹیو رہنما سعید جلیل کیخلاف رن آف انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔

انتخابات میں پزشکیان 16 ملین سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، نومنتخب ایرانی صدر  منگل کو پارلیمنٹ میں حلف اٹھائیں گے۔

ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شرکت کریں گے جبکہ حلف برداری تقریب میں 70 غیرملکی مہمان شرکت کریں گے۔

مزید خبریں :