30 جولائی ، 2024
پیرس اولمپکس میں برانز میڈل جیتنے والی پہلی بھارتی شوٹر مانو بھاکر کے کوچ جسپال رانا کو تین برسوں سے تنخواہ نہیں ملی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شوٹر مانو بھاکر کے پیرس اولمپکس میں برانزمیڈل جیتنے کے بعد ایک انٹرویو میں کوچ جسپال رانا نے کہا کہ بھارت واپس جاکر اپنے لیے نوکری تلاش کروں گا اور نئے سرے سے آغاز کروں گا، مجھے نوکری کی تلاش ہے اور تین برسوں سے تنخواہ نہیں ملی۔
جسپال رانا نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس کے بعد مجھے ولن بنا دیا گیا، مانو بھاکر پسٹل کی خرابی کے باعث میڈل نہ جیت سکیں حالانکہ میں ٹوکیو میں موجود بھی نہیں تھا وہ سب اب میرا انٹرویو چاہتے ہیں، میں سب سے خوشی خوشی بات کر رہا ہوں۔
جسپال رانا کا کہنا تھا کہ نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف انڈیا یا کسی دوسرے ادارے نے مجھے 3 سال سے تنخواہ نہیں دی لیکن میں بہت خوش ہوں کہ مانو بھاکر نے میڈل جیتا ہے، اب میں بھارت واپس جا کر جاب تلاش کروں گا اور نئے سرے سے آغاز کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مانو بھاکر چاہتی تھی کہ میں اس کی مدد کروں، وہ میں نے کی، اب مجھے ہر مہینے تنخواہ چاہیے جو مجھے کسی نے نہیں دی۔