30 جولائی ، 2024
مصر کی خاتون ایتھلیٹ ندا حافظ نے حاملہ ہونے کے باوجود پیرس اولمپکس میں شرکت کی اور پہلے مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے سب کے دل جیت لیے۔
مصر کی ندا حافظ نے امید سے ہونے کے باوجود پیرس اولمپکس میں فینسنگ کے مقابلوں میں حصہ لیا۔
26 سالہ تلوار باز نے پہلا انفرادی مقابلہ جیتا لیکن پھر وہ راؤنڈ آف 16 میں ناک آؤٹ ہو گئیں۔
ندا حافظ نے 7 ماہ کی حاملہ ہونے کا انکشاف اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا۔
انہوں نے لکھا کہ امید سے ہونے کے باوجود مقابلہ کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے، مجھے اپنے ہونے والے بچے کے ساتھ کئی چیلنجز کا سامنا رہا، یہ چیلنجز جسمانی اور جذباتی تھے۔
انہوں نے کہا کہ امید سے ہونا ایک مشکل کام ہے، مقابلہ جاری رکھنا زندگی اور کھیل میں توازن قائم کرتا ہے، میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے میرے شوہر اور فیملی کا اعتماد ملا جو میں یہاں تک پہنچی۔
واضح رہے کہ قاہرہ سے تعلق رکھنے والی تلوار باز ندا حافظ نےتیسری مرتبہ اولمپک مقابلوں میں حصہ لیا۔