30 جولائی ، 2024
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے کے کیس میں ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کردی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے کے کیس میں ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
ملزمہ کے وکیل نے کہا کہ ملزمہ ہنی ٹریپ میں ملوث نہیں، اس کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں، اے ٹی ایم سے پیسے حسن شاہ نے نکلوائے۔
اس موقع پر ملزمہ نے کمرہ عدالت میں رونا شروع کردیا اور کہا کہ میری تین چھوٹی بہنیں ہیں، 8 سال کا چھوٹا بھائی ہے، میرے گھر میں کوئی اور کمانے والا نہیں ہے، تنخواہ سے گھر کا خرچہ پورا نہیں ہورہا تھا۔
ملزمہ نے بتایاکہ میں نے ماڈلنگ شروع کردی تھی، حسن شاہ میرا منہ بولا بھائی ہے، مجھے بری طرح پھنسا گیا ہے میں نے رقم نہیں لی۔
ملزمہ نے عدالت میں بیان دیاکہ حسن شاہ نے میری ویڈیو بھی وائرل کی ہے، میرے والد بیمار ہیں، حسن شاہ اورخلیل الرحمان بلیک میل کررہے تھے۔
اس پر وکیل خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ میرا موکل درویش آدمی ہے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ درویش آدمی توصبح چاربجے تہجد پڑھ رہا ہوتا ہے، یہ کیسا درویش آدمی ہے؟
عدالت نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کردی۔
خیال رہے کہ پولیس نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والے گینگ کا ماسٹر مائنڈ ساتھی سمیت گرفتار کر لیاجبکہ ملزمان نے خلیل الرحمان قمر کی قابل اعتراض ویڈیو بھی وائرل کر دی ہے۔