01 اگست ، 2024
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بلوچستان کے چار اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لسبیلہ ، قلات ،سوراب ، قلعہ سیف اللہ، واشک اور ملحقہ علاقوں میں درمیانی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا تاہم صوبے کے کسی علاقے سے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
لسبیلہ ، قلات ،قلعہ سیف اللہ اور وشک میں ندی نالے ایک ہونے سے قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو نوکنڈی میں سب سے زیادہ گرمی پڑی اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب سبی میں 43 جب کہ کوئٹہ میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعرات کو صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس دوران ژوب ، موسی خیل،بارکھان،کو ہلو میں بارش کا امکان ہے۔