Time 01 اگست ، 2024
پاکستان

پنجاب میں موسلادھار بارشیں، گھروں کی چھتیں اور درخت گرگئے، بجلی کا نظام بھی درہم برہم

پنجاب میں موسلادھار بارشیں، گھروں کی چھتیں اور درخت گرگئے، بجلی کا نظام بھی درہم برہم
فوٹو جیونیوز

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جب کہ کئی علاقوں میں گھروں کی چھتیں اور درخت گئے۔

لاہور میں بارش سے گجومتہ بابا بلے شاہ انٹر چینج گاؤں گھر میں ٹی آر گارڈر کی چھت گر گئی جب کہ شیخوپور  میں بارش کی وجہ سے کچے مکان کی چھت گرگئی جس میں کئی شہری زخمی ہوگئے۔

لاہور کے علاقے نشاط کالونی میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

لاہور کے علاوہ پنجاب کے شہروں شیخوپورہ، قصور، پاکپتن، سرگودھا، جہلم، مری، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، موٹروے ایم 2 پر پنڈی بھٹیاں، شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو اور ٹھوکر نیازبیگ تک بارش کا سلسلہ جاری ہے، اس کے علاوہ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد اور اوکاڑہ کے مقامات پر بارش ہو رہی ہے جب کہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک بارش ہے۔

لاہور میں موسلادھار بارش سے سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں پانی جمع ہو گیا، اسپتال کی ایمرجنسی میں بارش کا پانی جمع ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور مون سون بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :