02 اگست ، 2024
پیرس اولمپکس کے چھٹے روز چین نے مزید 2 گولڈ میڈلز جیت لیے، میڈلز ٹیبل پر 11 گولڈ میڈلز کے ساتھ چین پہلے نمبر پر موجود ہے۔
پیرس اولمپکس میڈلز ٹیبل پر فرانس اور جاپان 8-8 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے جبکہ آسٹریلیا 7 اور امریکا 6 گولڈ میڈلز کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
پیرس اولمپکس میں جمعرات کو مقابلوں کے چھٹے روز پہلے گولڈ میڈل کا فیصلہ ایتھلیٹکس میں مردوں کی 20 کلومیٹر واک کے ایونٹ میں ہوا جس میں ایکواڈور کے برائن ڈینیل نے سونے کا تمغہ حاصل کیا، ویمن 20 کلومیٹر واک میں چین کی یانگ جیایو کامیاب رہیں۔
شوٹنگ کے مینز 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن میں چین کے لیو یوکون نے گولڈ میڈل جیتا، روئنگ کے ویمن ڈبلز اسکلز کا فائنل نیوزی لینڈ نے جیتا، مینز میں یہی ایونٹ رومانیہ کے نام رہا، روئنگ کے ویمن فور فائنل میں نیدرلینڈز نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا جبکہ مینز میں اسی ایونٹ میں سونے کا تمغہ امریکا نے حاصل کیا۔
جوڈو میں آذربائیجان کے زیلم نے ان گیمز میں اپنے ملک کو دوسرا گولڈ میڈل جتوادیا، اُنہوں نے مینز 100 کلوگرام کے فائنل میں جارجیا کے ایلیا سلمان زادے کو باآسانی 1-10 کے اسکور سے ہرایا۔
کینوئنگ سیلالوم کے مینز کیاک سنگلز فائنل میں اٹلی کے گیوانی ڈی گینرو نے سونے کا تمغہ جیتا، گیمز میں یہ اٹلی کا چوتھا طلائی تمغہ تھا، اٹلی نے ایک اور گولڈ میڈل جوڈو کی ویمن 78 کلو گرام کیٹیگری میں جیتا، اُن کی ایتھلیٹ ایلائس بلینڈی نے اسرائیل کی جوڈوکا کو فائنل میں 0-11 سے مات دی۔
امریکا نے اپنا ساتواں گولڈ میڈل آرٹسٹک جمناسٹک کی ویمن آل راؤنڈ کیٹیگری میں جیتا، اُن کی خاتون جمناسٹ سیمون بائلز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، اس ایونٹ میں برازیل نے چاندی اور امریکا نے ہی کانسی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔
سوئمنگ ایونٹ میں ویمن 200 میٹر بٹر فلائی میں کینیڈا کی سمر میکنٹوش نے کامیابی حاصل کی، ہنگیرین سوئمر ہیوبرٹ کوز نے مینز 200 میٹر بیک اسٹروک میں فتح سمیٹی۔