Time 02 اگست ، 2024
دنیا

مسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائیگا: برطانوی وزیراعظم

مسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائیگا: برطانوی وزیراعظم
دائیں بازو والے مساجد پر حملے کرکے “اپنا آپ “ دکھا رہے ہیں، فورسز جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پُرتشدد واقعات سے ملکر نمٹیں گی: کئیر اسٹارمر۔ فوٹو فائل

برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ مسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔

برطانیہ میں بچوں کے قتل کے بعد دائیں بازو کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کئیر اسٹارمر کا کہنا تھا دائیں بازو والے مساجد پر حملے کرکے “اپنا آپ “ دکھا رہے ہیں، بدامنی پھیلانے کے پیچھے “بدمعاش گروہ ملوث” ہے۔

ان کا کہنا تھا ملک بھر کی پولیس فورسز پُرتشدد واقعات سے ملکر نمٹیں گی، مسلم کمیونٹی کی حفاظت کیلئے ہر وہ قدم اٹھایا جائے گا جو ضروری ہو۔

کئیر اسٹارمر کا کہنا تھا بڑے پیمانے پر بےامنی چند بے عقل افراد کے اقدام سے پھیلی، سڑکوں پر امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، نامناسب سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نقل و حرکت محدود کرنے کیلئے انٹیلی جنس کا اشتراک اور چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کا سہارا لیں گے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے دائیں بازو کی سیاست کی مذمت بھی کی اور کہا کہ ساؤتھ پورٹ حملے کے متاثرین کا دکھ ناقابل تصور ہے، واضح ہے کہ بدامنی آن لائن تشہیر سے پھیلی، سوشل میڈیا کمپنیوں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

مسلم کونسل آف برٹن نے اپیل کی کہ مسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کیلئے اضافی اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں :