02 اگست ، 2024
بھارتی کپتان روہت شرما حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر اس وقت حذف کر دیں جب شائقین نے تصویروں میں ترمیم کی نشاندہی کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شرما نے انسٹاگرام پر بھارت اور سری لنکا کے ون ڈے میچ سے قبل ہونے والے پریکٹس سیشن کی تصویر شیئر کی جو دراصل ایڈٹ کی گئی تھی۔
اس کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے اصل تصاویر اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
ان تصاویر سے پتہ لگایا جا سکتا ہے کہ روہت شرما نے اپنی شیئر کردہ تصویر میں توند اور بازو کو پتلا کرکے دکھایا تھا، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے پہچان لیا اور تبصرے شروع کردیے۔
بھارتی کپتان نے بعدازاں پوسٹ ڈیلیٹ کردی لیکن تصاویر پہلے ہی وائرل ہوچکی تھیں۔
ایک صارف نے طنزیہ اور تمسخر اڑانے والے انداز میں ٹوئٹ کی کہ ہوشیار رہیں، یہ نئی تکنیک ہے جس سے بازو پتلے ہو سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں روہت شرما کی جانب سے شیئر کردہ تصاویر اور بی سی سی آئی کی تصویر میں واضح فرق دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارتی کپتان کی اس تصویر پر شائقین کرکٹ دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔