Time 02 اگست ، 2024
دنیا

دوحا میں اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ، امیر قطر سمیت عوام کی بڑی تعداد کی شرکت

دوحا میں اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ، امیر قطر سمیت عوام کی بڑی تعداد کی شرکت
اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ دوحا کی مرکزی مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی

اسرائیلی حملے سے تہران میں شہید کیے گئے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں ادا کر دی گئی۔

اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ دوحا کی مرکزی مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

عرب میڈیا کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد اپنے والد شیخ حمد بن خلیفہ کے ساتھ اسماعیل ہنیہ کی نمازہ جنازہ میں شرکت کے لیے آئے، امیر قطر نےاسماعیل ہنیہ اور ان کے ساتھی وسیم ابو شعبان کی میت پر فاتحہ خوانی بھی کی۔

نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ترک وزیر خارجہ بھی دوحا پہنچے جہاں انہوں نے حماس رہنما خالد معشل سے تعزیت بھی کی۔ اسماعیل ہنیہ کو دوحا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اسماعیل ہنیہ کو 31 جولائی کو ایران کے دارالحکومت تہران میں میزائل حملے میں شہید کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز ایران میں بھی اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ پڑھائی گئی تھی، ناز جنازہ ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے پڑھائی تھی جس میں صدر مسعود پزشکیان سمیت اعلیٰ ایرانی عہدیداران بھی شریک ہوئے تھے۔

ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا ایران پر فرض قرار دیا ہے جبکہ صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران کی داخلی خود مختاری پر حملہ کرنے والے دشمن کو بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے گا۔

مزید خبریں :