03 اگست ، 2024
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مذاکرات کے معاملے پر ایک بار پھر پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کی طرح کبھی نہیں کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کرنے ہیں اور نہ ان کی طرح اسٹیبلشمنٹ کےکندھوں پر سوار ہوکر حکومت میں آنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےکبھی نہیں کہا کہ ہماری حکومت باجوہ چلاتا ہے مگر پی ٹی آئی والےکہتے تھے کہ وہ ایک پیج پر ہیں اور باجوہ ہماری حکومت چلاتے ہیں لیکن ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پی ٹی آئی والےکہتے ہیں کہ وہ سب سے برے تھے۔
گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ وفاق سے صوبائی حقوق پر بات کرنےکےلیے جرگہ اراکین کا اعلان جلد کریں گے، جرگہ اراکین دلائل سے لڑکر وفاق سے اپنا حق لےکر آئیں گے، پی ٹی آئی ہمارے ساتھ جرگے میں بیٹھےگی توخوش آمدید اور نہ بیٹھےتو ہمیں کوئی تکلیف نہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے کہ آپ جامعات کی زمینیں بیچیں، جب تک میں ہوں میں ان کو ایک بھی زمین بیچنےنہیں دوں گا۔