Time 03 اگست ، 2024
کھیل

ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ: سیمی فائنل میں چین نے پاکستان کو شکست دے دی

ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ: سیمی فائنل میں چین نے پاکستان کو شکست دے دی
سیمی فائنل میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم اب تیسری پوزیشن کا میچ کھیلے گی، فوٹو: جیو نیوز

ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں سنسنی خیز  اور  اعصاب شکن مقابلے میں زبردست فائٹ کے بعد پاکستان  انڈر  18 ٹیم  چین  سے  مقابلے میں  ناکام ہوگئی۔

بحرین میں جاری ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان اور چین کے درمیان سنسنی خیز سیمی فائنل ہوا، کبھی چین کی ٹیم سبقت لے جاتی تو کبھی پاکستان کا پلڑا بھاری لگتا۔

دونوں ٹیموں نے میچ میں بھرپور  صلاحیتوں اور مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کیا۔ چین نے پہلا سیٹ جیتا تو پاکستان نے دوسرا، پھر چین نے سبقت لی تو چوتھے میں پاکستان نے 16-21 کے خسارے سے کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔ فیصلہ کن سیٹ میں چین سبقت لے جانے میں کامیاب رہا ۔

پاکستان کے خلاف چین کی کامیابی کا اسکور 23-25، 25-22، 22-25، 25-23 اور 8-15 رہا ۔

پاکستان کی جانب سے ابوبکر، محمد انس اور محمد یحیٰی نے نمایاں کھیل کا مظاہرہ کیا۔

 سیمی فائنل میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم اب تیسری پوزیشن کا میچ کھیلےگی۔

 ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ میں ٹاپ فور میں جگہ بناتے ہوئے پاکستان نے اگلے سال ہونے والے ورلڈ انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔

 پاکستان نے پہلی بار انڈر 19 والی بال ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

مزید خبریں :