05 اگست ، 2024
مودی سرکار کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنے کے واقعے کے خلاف آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، یوم استحصال کشمیر پر پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔
یوم استحصال کشمیر کے دن کے موقع پر وزیراعظم پاکستان آج آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ اسلام آباد میں واک کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں پارلیمنٹرینز سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگ شریک ہوں گے۔
بھارت کی مودی سرکار نے پانچ اگست 2019 کو کشمیریوں سے ان کے رہے سہے حقوق بھی چھین لیے تھے۔
مودی سرکار نے بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کے تین ٹکڑے کر دیے تھے اور مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت بھی ختم کر دی تھی۔
یوم استحصال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کمزور کرنے کیلئے 5 سال قبل یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی داخلی قانون سازی اور عدالتی فیصلے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے۔
صدر مملکت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کیلئے بھی بھارت پر زور دیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم استحصال کے موقع پر کشمیری عوام کے بے مثال حوصلے، جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے بھارت 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کو واپس لے۔
یوم استحصال پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
یوم استحصال کشمیر پر مسلح افواج کی قیادت نے مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور غیور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کیلئے کشمیری عوام کی جائز اور طویل جدوجہد کی حمایت کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فورسزکی مقبوضہ کشمیرمیں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں، بھارت کے غیرمنصفانہ اقدامات اور ریاستی جبر علاقائی استحکام کیلئے مستقل خطرہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق خطے میں پائیدار امن کا دارومدار اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل میں ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو ان کی غیرمعمولی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہیں، مسلح افواج کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر جبر و استبداد کے خلاف جدوجہد میں حمایت جاری رکھیں گی۔