06 اگست ، 2024
بالی وڈ اداکارہ اور بھارتی سیاستدان کنگنا رناوت کی حسینہ واجد کے بنگلادیش چھوڑ کر بھارت جانے کے بعد مسلم دشمنی سے بھری ٹوئٹ وائرل ہوگئی۔
کوٹہ سسٹم کے خلاف بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد شیخ حسینہ واجد اپنے عہدے سے مستعفی ہوکر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔
حسینہ واجد کو برطانیہ منتقلی سے قبل بھارت میں محفوظ خفیہ مقام پر رہائش دے دی گئی ہے اور ان کے برطانیہ میں سیاسی پناہ ملنے تک بھارت میں قیام کا امکان ہے۔
اس دوران بھارتی اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کی خبر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی جس میں مسلم دشمنی واضح تھی۔
کنگنا رناوت نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ بھارت ہمارے اردگرد تمام اسلامی جمہوریہ کا حقیقی مادر وطن ہے، ہمیں فخر ہے کہ بنگلا دیش کی معزز وزیراعظم بھارت میں خود کو محفوظ سمجھتی ہیں لیکن وہ سب جو بھارت میں رہتے ہیں اور پوچھتے رہتے ہیں کہ ہندو راشتر اکیوں؟ رام راجیہ کیوں؟
اداکارہ نے لکھا کہ مسلم ممالک میں کوئی بھی محفوظ نہیں، خود مسلمان بھی نہیں، بدقسمتی سے افغانستان، پاکستان، بنگلا دیش اور برطانیہ میں جو کچھ ہو رہا ہےہم خوش قسمت ہیں کہ ہم رام راجیہ میں رہ رہے ہیں۔